افغانستان بم حملے میں بارہ ہلاک

افغانستان میں داراحکومت کابل کے شمال میں واقع بگرام جانے والے ٹینکر پر بم حملے میں کم از کم بارہ افراد ہلاک اور تیس سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔ یہ ٹینکر بگرام میں نیٹو بیس کے لیے تیل لے جا رہا تھا۔

پروان صوبے کے گورنر نے بتایا کہ پہلے ٹینکر پر ایک چھوٹے مقناطیسی بم سے حملہ ہوا جس کی وجہ سے اس میں سوراخ ہو گیا اور تیل رسنے لگا۔ گورنر کے مطابق وہاں تیل جمع کرنے کے لیے مقامی لوگ بالٹیاں لے کر فوراً پہنچ گئے۔ چند ہی منٹ بعد ٹینکر میں آگ لگ گئی اور زوردار دھماکہ ہوا جس میں قریب کھڑے افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ دوسرا دھماکہ ایک اور بم کی وجہ سے ہوا یا نہیں۔