بحری جہازوں پر مسلح محافظوں کی تعیناتی

برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اعلان کیا ہے کہ وہ بحری جہازوں کو قزاقوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ان میں مسلح گارڈز کی تعیناتی کے منصوبے پر غور کررہے ہیں۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت چاہتی ہے کہ وہ بحری قزاقی سے نبرد آزما ہونے کے لیے بہت کچھ کرے۔ ان کے بقول وہ آسٹریلیا میں دولتِ مشترکہ کے اجلاس کے موقع پر خطہ کے رہنماؤوں سے اس مسئلے پر بات کریں گے تاکہ بحری جہازوں میں مسلح گارڈز کی تعیناتی کے معاملے کو قانونی شکل دی جا سکے۔

بی بی سی کے سیاسی نامہ نگار کے مطابق برطانوی بحری جہازوں پر مسلح گارڈز رکھنا غیر قانونی ہے تاہم کئی جہاز راں کمپنیاں اپنے بحری جہازوں پر گارڈز رکھ رہی ہیں کیونکہ اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ گزشتہ برس صومالیہ کے سمندروں سے گزرتے ہوئے تقریباً پچاس بحری جہاز اغواء کرلیے گئے تھے۔