بھارت، مفت تعلیم کے منصوبے کا آغاز

بھارت نے چھ سے چودہ سال کی عمر کے بچوں کو لازمی مفت تعلیم فراہم کرنے کی غرض سے ایک بڑے منصوبے کا آغاز کیا ہے جسے تعلیم کا حق کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسکولوں کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ کم از کم پچیس فیصد نشستیں غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے مختص کریں۔

حکومت نے اس منصوبے کے لیے ضروری رقم فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والے بھارتی کارکنوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے غریبوں کو اس منصوبے سے آگاہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات نہیں کیے ہیں۔

بھارت میں لگ بھگ آٹھ کروڑ بچے تعلیم حاصل نہیں کرتے جن میں ایک تہائی بچیاں ہوتی ہیں۔

اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق بھارت کی ایک تہائی آبادی ناخواندہ ہے۔