برما: سیاسی قیدیوں کی رہائی متوقع

برما میں حکومت کا کہنا ہے کہ وہ کئی سیاسی قیدیوں کی رہائی کے اعلان کی تیاری کررہی ہے۔

برما میں موجودہ حکومت کو فوجی پشت پناہی حاصل ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کا اعلان بہت جلد متوقع ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت کیا جارہا ہے جب بالی میں آسیان کے رکن ممالک کا اجلاس ہونے والا ہے جہاں برما کی حکومت اپنے ملک میں اصلاحات متعارف کیے جانے کے اقدامات کا پرچار کرے گی۔

اکتوبر میں برما نے ایک سو اسّی سیاسی قیدیوں کو رہا کیا تھا جن میں کئی ایسے تھے جو برسوں سے قید تھے۔