کویت: مظاہرین پارلیمنٹ میں داخل

عرب ملک کویت میں مظاہرین نے اس وقت پارلیمان کی عمارت میں داخل ہوگئے جب پولیس نے انہیں ملک کے وزیراعظم کے گھر کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی۔

یہ مظاہرین کویت کے وزیراعظم شیخ نصر محمد الاحمد الصباح کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

ایک عینی شاہد نے بی بی سی کو بتایا کہ پارلیمان کے محافظین نے ان افراد کو روکنے کی کوشش نہیں کی اور مظاہرین نے عمارت کے مرکزی ہال میں کھڑے ہو کر کویت کا قومی ترانہ پڑھا۔

یہ مظاہرین رشوت ستانی کے الزامات کی وجہ سے پارلیمان کی تحلیل اور آئینی بادشاہت کے حق میں نعرے بازی بھی کر رہے تھے۔