مظاہرین پرکالی مرچوں کے سپرے کا تجربہ

امریکہ کی ایک یونیورسٹی نے کہا ہے کہ اس نے طلبہ کے ایک مظاہرے کو منتشر کرنے کی غرض سے پولیس کی جانب سے کالی مرچ سے بنے اسپرے کے استعمال کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کیلی فورنیا کی یونیورسٹی میں رونما ہونے والے اس واقعے کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے اس میں پولیس اہلکار نشستوں پر بیٹھے مظاہرین کے چہروں پر قریب سے یہ اسپرے کرتے نظر آتے ہیں۔

یونیورسٹی کے چانسلر نے ہی مظاہرے کو منتشر کرنے کے لیے پولیس بلوائی تھی۔ انہوں نے اسے خوفناک واقعہ قرار دیا ہے۔

جمعہ کو یونیورسٹی کیمپس میں ہونے والا یہ احتجاجی مظاہرہ اصل میں ’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ کے نام سے عالمی اقتصادی نظام کی خرابیوں اور معاشی تفریق کے خلاف جاری امریکی سول سوسائٹی کی تحریک کے حق میں منعقد کیا گیا تھا۔

اس مظاہرے کا ایک اور مقصد کیلی فورنیا یونیورسٹی کی برکلے شاخ میں اسی طرح کے ایک مظاہرے کے دوران پولیس کے لاٹھی چارج کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

مظاہرین پر آنکھوں کو چندھیا دینے والا اسپرے کرنے کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ بپر بڑی تیزی سے پھیلی ہے اور اس نے امریکی طلبہ میں اشتعال پیدا کردیا ہے