وزیراعظم کی یقین دہانی، رکن اسمبلی کا دھرنا ختم

کوئٹہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ناصر علی شاہ نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی یقین دہانی کے بعد بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے خلاف قومی اسمبلی کے باہر دھرنا اور اجلاس کا بائیکاٹ ختم کردیا ہے۔

ناصر علی شاہ پچھلے کئی دنوں سے کوئٹہ میں ہدف بناکر قتل کرنے کے واقعات کے خلاف احتجاج پر تھے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ان سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان میں شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گی۔

ان کا کہنا تھا ’بلوچستان میں امن و امان کی جو صورتحال ہے۔ اس پر میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں سے مکمل بریفنگ لوں گا، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کی ایجنسیز سے۔ اور جو ٹارگٹ کلنگز ہیں وہ ناقابل قبول ہیں خواہ وہ کسی بھی فرقے سے ہوں وہ پاکستانی ہیں اور ہمارے بھائی ہیں۔‘