مصر: البرادعی کی مشروط پیشکش

مصر میں پیر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے ایک اہم امیدوار محمد البرادی نے کہا ہے کہ اگر انہیں ملک کی عبوری حکومت میں وزیر اعظم کے عہدے کی پیشکش کی جاتی ہے تو وہ صدارتی عہدے کی دوڑ سے باہر نکلنے کو تیار ہیں۔

ان کا یہ بیان ملک کی حکمران فوجی کونسل کے سربراہ فیلڈ مارشل حسین تنتاوی سے ملاقات کے بعد آیا ہے۔

حسین تنتاوی نے البرادی سمیت دوسرے اہم صدارتی امیدواروں سے بات چیت کی ہے۔

مصر پر فوجی حاکمیت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین البرادی کی حمایت کرتے ہیں اور انہوں نے فوجی کونسل کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے کمال الجنزوری کی نامزدگی مسترد کردی ہے کیونکہ وہ سابق صدر حسنی مبارک کے ماتحت کام کر چکے ہیں۔

دوسری طرف قاہرہ کے تحریر چوک میں فوجی اقتدار کے خلاف لوگوں کا احتجاج جاری ہے جہاں ایک فوجی گاڑی نے مظاہرین میں شامل ایک شخص کو کچل کر ہلاک کردیا۔ اس واقعے کے بعد مظاہرین میں اشتعال بڑھ گیا ہے۔