مصر:انتخابات، بڑی تعداد میں ووٹ ڈالے گئے

مصر میں صدر حسنی مبارک کی رواں برس فروری میں اقتدار سے علٰیحدگی کے بعد پیر سے شروع ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے دن منگل کو بھی لوگوں نے ووٹ ڈالے ہیں۔

قاہرہ اورسکندریہ میں ووٹنگ کے دوسرے دن بھی پولنگ سٹیشنز کے بعد ووٹروں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں۔

اسی دوران ملک کی حکمران فوجی کونسل کے ایک رکن جنرل اسماعیل اتمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کی شرح 70 فیصد سے بھی زیادہ رہے گی۔

انتخابات کا جائزہ لینے والے آزاد مبصرین کا کہنا ہے کہ اب تک پولنگ کے دوران کسی بڑی بے ضابطگی یا تشدد کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے انتخابات کے پرامن انعقاد کی تعریف کی۔

پہلے مرحلے میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔