پاکستان بون کانفرنس کا بائیکاٹ کرے گا

پاکستان نے افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کی جانب سے اس کی سرحدی چوکیوں پر حملے کے بعد احتجاجاً جرمنی میں افغانستان کے مستقبل پر بات چیت کے لیے منعقد ہونے والے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

جرمنی کے شہر بون میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ منگل کو لاہور میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا ہے جس کی صدارت وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی نے کی۔

اجلاس کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان افغانستان کے استحکام اور وہاں قیامِ امن کی حامی ہے لیکن موجودہ حالات میں پاکستان اس کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکتا ہے۔

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ہونے والے اس حملے میں چوبیس پاکستانی اہلکار ہلاک ہوئے تھے اور پاکستان نے اسے اپنی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا۔