نیٹو حملہ: سینیٹ میں مذمتی قرارداد منظور

پاکستان کے ایوانِ بالا یعنی سینیٹ میں نیٹو کے حملے کے خلاف حکومت اور حزب مخالف نے متفقہ طور پر ایک مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔

مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نیٹو حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے اور کسی بھی بیرونی حملے کی صورت میں قوم متحد ہوکر اس سے نمٹے گی۔

بی بی سی اردو سروس کے نامہ نگار اعجاز مہر کے مطابق یہ قرارداد سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالغفور حیدری نے پیش کی جس کی تمام جماعتوں کے نمائندوں نے حمایت کی۔

پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سینٹ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں امریکہ کے ساتھ ہم خیالی یا ان کے ساتھ چلنا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پانچ دسمبر کو جرمنی کے شہر بون میں افغانستان میں قیام امن کے لیے ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ حکوت نے سوچ سمجھ کر کیا ہے اور اس پر نظرثانی کی گنجائش نہیں ہے۔