’میمو ایشو سینیٹ الیکشن سے فرار کی سازش‘

پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ متنازع میمو کے نان ایشو کو ایشو بنا کر اچھالنا اصل میں سینیٹ کے انتخابات سے فرار کی سازش ہے۔

ان کے بقول جمہوریت کا مستقبل محفوظ ہے، ملک میں مارشل لاء کی کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی کوئی نگراں حکومت آئے گی۔

لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے انہوں نے کہا کہ ’سینیٹ کے انتخابات اگلے سال مارچ میں ہوں گے اور ساری سازش جو سینیٹ کے الیکشن سے فرار کی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میمو کے ایشو کو جب آپ اچھالیں گے تو سوال یہ ہے کہ آپ اس کو کیوں اچھالنا چاہتے ہیں، آپ ملک کو کیوں غیر مسحتکم کرنا چاہتے ہیں‘۔