غزنی دھماکہ: پولینڈ کے پانچ فوجی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption افغانستان میں پولینڈ کے دو ہزار چھ سو فوجی تعینات ہیں

افغانستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملک کے مشرقی حصے میں ہونے والے دھماکے میں پانچ غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکہ صوبہ غزنی میں ہوا اور اطلاعات ہیں کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق پولینڈ سے ہے۔

پولینڈ کے ذرائع ابلاغ کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی غزنی میں اپنے اڈے کے قریب گشت پر تھے کہ سڑک کنارے نصب بم پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں تین فوجی موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ دو زخمی فوجیوں نے ہسپتال میں دم توڑ دیا۔

نیٹو کی جانب سے فوری طور پر ہلاک ہونے والے فوجیوں کی قومیت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

افغانستان میں ایساف کے مشن کے تحت پولینڈ کے دو ہزار چھ سو فوجی تعینات ہیں اور ان کے ذمہ صوبہ غزنی میں امن و امان قائم رکھنا ہے۔