نیٹو، امریکی اہلکاروں کی معلومات ’ہیک‘

ہیکروں کے ایک گروہ نے برطانیہ، امریکہ اور نیٹو کے سینکڑوں فوجی اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں کے ای میل ہیک کر کے ان کی معلومات کو انٹرنیٹ پر مہیا کر دیا ہے۔

ہیکروں کےگروہ نے، جو اپنے آپکو ’ہیکٹوسٹ‘ کے نام پر متعارف کرواتا ہے، امریکہ اور برطانیہ کے ہزاروں رہائشیوں کے ای میل ایڈریس اور ان کے پاس ورڈ ہیک کر لیے ہیں۔

ہیکروں نے گروہ نے امریکہ کے ایک تھنک ٹینک سٹریٹفور کی ویب سائٹ کو ہیک کر کے اس کی سروس حاصل کرنے والے تمام افراد کی ای میل اور پاس ورڈ پر دسترس حاصل کر لی ہے۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق ہیکروں نے برطانوی فوج کے 221 ، نیٹو کے 242 اہلکاروں کے ای میل ایڈریس ہیک کیے ہیں۔ اس کے علاوہ ہیکروں نے سٹریٹفور کے پچھتہر ہزار ایسے صارفین کی کریڈٹ کارڈ معلومات بھی حاصل کر لی ہیں، جو سٹریٹفور کی سروس کے عوض ماہانہ رقم فراہم کرتے تھے۔