کُرم: چیک پوسٹ پر حملہ، آٹھ اہلکار ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے کُرم ایجنسی میں حکام کے مطابق شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں آٹھ اہلکار ہلاک جبکہ پچیس زخمی ہوگئے ہیں۔

کُرم ایجنسی میں ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کو وسطی کُرم کے علاقے جوگی میں ایک سو سے زیادہ مُسلح شدت پسندوں نے اس وقت چیک پوسٹ پر حملہ کیا جب چیک پوسٹ میں سکیورٹی فورسز کے کچھ اہلکار موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں بیس سے زیادہ شدت پسند مارے گئے جن میں بعض کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔ اہلکار کے مطابق اہلکاروں نے کئی گھنٹوں تک مقابلہ کیا۔