’وزیراعظم گیلانی پر فردِ جرم عائد ہوگی‘

پاکستان کی سپریم کورٹ نے وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کو تیرہ فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے جہاں ان پر توہینِ عدالت کے معاملے میں فردِ جرم عائد کی جائے گی۔

عدالت نے یہ حکم جمعرات کو سماعت کے بعد اپنے مختصر فیصلے میں دیا ہے۔

این آر او عملدرآمد مقدمے میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل نہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کو توہینِ عدالت میں اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جس کے بعد وہ پہلے بھی عدالت میں حاضر بھی ہوئے تھے۔

اس سے قبل جمعرات کو ہی اس معاملے کی سماعت کرنے والے لارجر بینچ کے سامنے دلائل دیتے ہوئے وزیراعظم گیلانی کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ اگر عدالت حکم دے گی تو سوئس حکام کو صدر زرداری کے خلاف مقدمات دوبارہ کھولنے کے سلسلے میں خط لکھ دیا جائے گا جس پر عدالت نے کہا کہ یہ تو بارہا کہا جا چکا ہے کہ خط لکھا جائے لیکن ایسا نہیں ہو رہا۔