لاہور: ہلاکتیں اکیس، امدادی آپریشن جاری

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں منہدم ہونے والے کارخانے کی تین منزلہ عمارت کے ملبے سے اڑتالیس گھنٹے بعد ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

حادثے کے دو دن بعد بھی جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ جب تک ملبے تلے دبنے والے تمام افراد کو نکال نہیں لیا جاتا آپریشن جاری رہے گا۔

صوبائی امدادی ادارے ریسکیو 1122 کے ترجمان فاروق احمد نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ امدادی آپریشن کے دوران اب تک سولہ افراد کو زندہ نکالا گیا ہے جبکہ اکیس افراد کی لاشیں ملی ہیں جن میں زیادہ تعداد عورتوں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ملبہ پانچ گھنٹے میں اٹھایا جا سکتا ہے لیکن ملبے تلے دبے افراد کو نکالنا ترجیح ہے اور آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا کہ جب تک آخری فرد کو نکال نہیں لیا جاتا‘۔