بھارت: میلے میں بھگدڑ، چھ افراد ہلاک

بھارتی ریاست گجرات کے بھوناتھ مندر میں اتوار کی رات کو مہاشوراتر کے میلے کے دوران بھگدڑ مچنے سے کم سے کم چھ افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق میلے میں ایک گاڑی کے بریک خراب ہو جانے کی خبر کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔ گجرات کے وزیر اعلی نریندر مودی نے اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے کہا ہے کہ مرنے والوں میں تین خواتین، دو بچے اور ایک مرد شامل ہے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے، جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

بھارت میں مذہبی تقریبات کے دوران بھگدڑ سے پہلے بھی کئی بار لوگوں کی اموات ہو چکی ہیں۔