آسٹریلیا کے وزیرِخارجہ مستعفی ہوگئے

آسٹریلیا کے وزیرخارجہ کیوِن رڈ نے قیادت کے درمیان تنازع کی قیاس آرائیوں کے پس منظر میں اپنی وزارت سے استعفٰی دے دیا ہے۔

انہوں نے اپنا استعفٰی اپنے اور وزیراعظم جولیا گیلارڈ کے درمیان تنازع کی بڑے پیمانے پر پھیلنے والی اطلاعات کے بعد دیا۔

کیوِن رڈ نے اپنے استعفے کا اعلان امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس سے قبل ان کی ملاقات امریکی وزیرخارجہ ہلری کلنٹن سے ہوئی تھی۔

جون سنہ دو ہزار دس میں کیوِن رڈ کو وزارتِ عظمٰی کے عہدے کو خیرباد کہنا پڑا تھا اور جولیا گیلارڈ نے یہ عہدہ ان کی جانشین کے طور پر سنبھالا تھا۔