پاکستانی فلمساز شرمین عبید آسکر جیت گئیں

پاکستانی فلمساز شرمین عبید چنوئے نے اپنی فلم ’سیونگ فیس‘ کے لیے آسکر ایوارڈ جیت لیا ہے۔

ان کی یہ فلم قلیل دورانیے کی دستاویزی فلموں کے زمرے میں نامزد کیی گئی تھی۔ وہ پہلی پاکستانی ہیں جنہیں آسکر انعام حاصل ہوا ہے۔

سیونگ فیس نامی فلم ایک پاکستانی نژاد برطانوی ڈاکٹر کی کہانی ہے جو کہ پاکستان میں عورتوں پر تیزاب پھینکے جانے کے واقعات کے پیشِ نظر اپنا وقت اور ہنر ان مظلوم عورتوں کی مدد کرنے کے لیے وقف کرتے ہیں۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی شرمین عبید نے یہ فلم ہدایتکار ڈینیئل جنگ کے ساتھ مل کر تیار کی ہے۔