مصر: ’صدارتی انتخابات مئی میں‘

مصر کے الیکشن کمیشن کے سربراہ نے اعلان کیا ہے کہ سابق صدر حسنی مبارک کے مستعفی ہونے کے بعد پہلے صدارتی انتخابات مئی میں ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کے سربراہ فاروق سلطان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی انتخابات کا پہلا مرحلہ تئیس اور چوبیس مئی کو جبکہ دوسرا اور آخری مرحلہ سولہ اور سترہ جون کو ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات کے نتائج کا اعلان ممکنہ طور پر اکیس جون کو کیا جائے گا۔

مصر کی فوجی کونسل کا کہنا ہے کہ انتخابات کے بعد وہ ملک کی باگ ڈور سویلین حکومت کے حوالے کردے گی۔ واضح رہے کہ حسنی مبارک کے مستعفی ہونے کے بعد سے فوجی کونسل کے پاس ملک کی باگ ڈور ہے۔