شام: فوٹوگرافر فرار ہونےمیں کامیاب

اطلاعات کے مطابق شام کے شہر حمص میں فوج کی بمباری کے دوران زخمی ہونے والے برطانوی فوٹو گرافر پال کونرے فرار ہو کر لبنان پہنچ گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پال کونرے کے والد لے کونرے نے برطانوی میڈیا کو بتایا کہ’بیروت میں ہماری بات ہوئی ہے۔‘

سینتالیس سالہ پال کونرے نےگزشتہ ہفتے ایک ویڈیو پیغام میں مدد کی اپیل کی تھی، اس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ زخمی ہیں اور فری سیرئین آرمی ان کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔

تاہم ابھی تک برطانوی دفتر خارجہ نے پال کونرے کی حمص سے فرار ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

حمص میں موجود حزب اختلاف کے کارکنوں کے مطابق پال کونرے کا فرار حمص میں باغیوں کے کنٹرول میں ضلع بابا امر سے ہوا جہاں پر وہ فرانس کی زخمی نامہ نگار ایدتھ بوویور کے ساتھ پھنسے ہوئے تھے، اس علاقے میں شامی فوج کی مسلسل پچیسویں روز بھی کارروائی جاری ہے۔