خیبر ایجنسی: دس سکیورٹی اہلکار ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز پر ہونے والے ایک حملے میں دس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ جوابی کاروائی میں تئیس شدت پسندوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پشاور میں فرنٹیر کور کے ایک ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مسلح شدت پسندوں نے باڑہ سب ڈویژن کے علاقے میرئی سر میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں فرنٹیر کور کے دس اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز کی کاروائی میں تئیس عسکریت پسندوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔