’جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی دی جائے‘

پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ پاکستان کو پر امن مقاصد کے لیے غیر امتیازی بنیادوں پر جوہری ٹیکنالوجی تک رسائی دی جائے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پیر کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں نیوکلیئر سیکورٹی کانفرنس کے پہلے روز عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے اور اس کی نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے ایٹمی ذرائع سے توانائی کی پیداوار بڑھانے کے لیے نیوکلیئر پاور پروگرام 2050 کی منظوری دے رکھی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے قومی سطح پر موثر اقدامات کر رکھے ہیں جو کہ جوہری تحفظ کو بڑھانے کے لیے اس کی کوششوں کا سب سے اہم حصہ ہیں۔