کیلیفورنیا: یونیورسٹی میں فائرنگ، سات ہلاک

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر اوکلینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مسلح شخص نے مقامی یونیورسٹی میں داخل ہو کر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کی ترجمان سنتھیا پرکنز نے سات افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ امریکی وقت کے مطابق پیر کی صبح اوکلینڈ کی نجی مذہبی ’اوئکوس یونیورسٹی‘ میں پیش آیا جہاں زیادہ تر کوریا سے تعلق رکھنے والے طلباء پڑھتے ہیں۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی۔ لیکن اطلاعات کے مطابق حملہ آور کا تعلق کوریا سے ہے اور اس کی عمر چالیس برس کے لگ بھگ ہے۔