لیاری آپریشن میں مزید چھ ہلاک

کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا ہے اور اس دوران نامعلوم افراد نے پولیس پر دستی بموں سے حملے کیے ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

لیاری میں اتوار کو مبینہ پولیس مقابلے میں ثاقب بلوچ نامی شخص ہلاک ہوگیا تھا جو پولیس کے مطابق کالعدم امن کمیٹی کے رہنما عذیر بلوچ کا ساتھی تھا۔ اس ہلاکت کے بعد سے لیاری میں مشتعل افراد کا احتجاج جاری ہے۔

پیر کو بھی دن بھر پولیس اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا اور اس دوران آٹھ چوک پر ایک شخص فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا۔ اسی علاقے میں پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما حسن سومرو بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے ہیں اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

پولیس سرجن کے مطابق اس کے علاوہ ایک دس سالہ بچے سمیت چار افراد لیاری کے ہی مختلف علاقوں میں مارے گئے۔