سونامی کا خطرہ ٹل گیا، وارننگ واپس

انڈونیشیا کے شمالی صوبے آچے میں آنے والے دو شدید زلزلوں کے بعد بحرِ ہند کے ممالک میں جاری ہونے والی سونامی کی وارننگ کو واپس لے لیا گیا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے ایک اہلکار بروس پریسگریو نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ اس کے امکانات کم ہیں کہ اس زلزلے سے سونامی پیدا ہوگی۔

سونامی کی وارننگ کے بعد لوگوں نے ساحلی علاقوں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف جانا شروع کر دیا تھا۔

ابھی تک کسی جگہ سے زلزلے یا سونامی سے ہونے والے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے اور بھارت، تھائی لینڈ اور سری لنکا نے بھی اپنی وارننگ کو واپس لے لیا ہے۔