گیاری: جائے حادثہ پر مزید سلائیڈنگ

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ سیاچن کے گیاری سیکٹر میں مزید سلائیڈنگ کی وجہ سے برفانی تودے تلے دبے افراد تک رسائی کے آپریشن میں مزید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

سنیچر کو پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے حادثہ پر موسم انتہائی سرد ہے اور وہاں تازہ سلائیڈنگ کی وجہ سے تلاش اور بچاؤ کے آپریشن میں مصروف فوجیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نہایت کم درجۂ حرارت میں برفانی علاقے میں کام کرنے، مسلسل برفباری اور ژالہ باری کی وجہ سے فوجیوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں تاہم وہ تندہی سے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں کا اولین مقصد تیزی سے کھدائی کرنا ہے جس میں مشینری کی مدد بھی لی جا رہی ہے اور اسی سلسلے میں ایک ترجیحی مقام پر دھماکہ خیز مواد کی مدد سے برف ہٹائی گئی ہے تاکہ اس مقام تک رسائی ہو سکے جہاں ان افراد کی موجودگی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔