ناروے: بھارتی نژاد بچوں کی بھارت واپسی

ناروے کی عدالت کے حکم پر اپنے چچا کے حوالے کیے جانے والے دونوں بھارتی نژاد بچے منگل کو واپس بھارت پہنچ گئے ہیں۔

ان دونوں بچوں کو ناروے میں بچوں کی بہبود کے ادارے نے ان کے والدین سے چھین لیا تھا۔

بچوں کے والدین انوروپ اور سگاریکا بھٹاچاریا پر الزام تھا کہ وہ بچوں کی مناسب نگہداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے اور وہ بچوں کو ہاتھ سے کھانا کھلاتے ہیں اور انہیں اپنے ساتھ بستر میں سلاتے ہیں۔

پیر کو اس معاملے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ بچوں کے رشتہ داروں اور بچوں کی بہبود کے ادارے کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت بچوں کے چچا ان کے نگران ہوں گے۔