’گیلانی اب بھی پاکستان کے وزیراعظم ہیں‘

امریکہ نے کہا ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی آج بھی پاکستان کے وزیر اعظم ہیں اور ماضی کی طرح امریکہ ان کے ساتھ آج بھی ملکر کام کر رہا ہے۔

امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے یہ بات یومیہ بریفنگ کے دوران ایک صحافی کے سوال پر کہی۔

صحافی نے ترجمان سے سوال کیا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے مطابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اب پاکستان کے وزیر اعظم نہیں رہے یا دوسرے لفظوں میں انہیں مجرم قرار دیدیا گیا ہے تو آپ کیا ردعمل ہے کیونکہ اس معاملے پر پاکستان کے اندر سیاسی جماعتوں میں خاصی چپقلش پائی جاتی ہے۔

اس پر ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے کہا ’میں سمجھتی ہوں کہ آپ کی اطلاع درست نہیں ہے۔ ایک عدالتی فیصلہ آیا اور وزیر اعظم گیلانی کو تیس سیکنڈز کی سزا دی گئی اور وہ اب بھی پاکستان کے وزیر اعظم ہیں اور اس لحاظ سے ہم ان کے ساتھ اب بھی ملکر کام کر رہے ہیں اور ہمارے سفیر مارک گروسمین نے بھی پاکستان میں ان سے ملاقات کی ہے۔‘