برطانوی انتخابات، لیبر کا پلڑا بھاری

برطانیہ میں ہونے والے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے اور مبصرین انہیں ڈیوڈ کیمرون کی مخلوط حکومت کے لیے ایک چیلنج قرار دے رہے ہیں۔ ابتدائی نتائج کے مطابق لیبر پارٹی نے کئی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

ایک سو اٹھائیس برطانوی کونسلوں میں چار ہزار سات سو نشستوں پر یہ انتخابات ہو رہے ہیں۔

لیبر ذرائع جنوب اور ملک کے وسطی علاقوں میں زیادہ نشستوں کی توقع کر رہے ہیں۔

لندن میں بھی میئر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے ہیں لیکن یہ جاننے کے لیے کہ کون فاتح ہو گا جمعہ یعنی آج شام تک انتظار کرنا ہو گا۔

لندن کے میئر کے لیے کڑا مقابلہ موجودہ میئر بورس جانسن اور سابق میئر کین لونگسٹن کے درمیان ہے۔ لندن کے ایوننگ سٹینڈرڈ اخبار نے اپنے ایک سروے میں کہا ہے کہ لندن کے میئر کی دوڑ میں کنزرویٹو جماعت کے بورس جانسن کو لیبر کے کین لونگسٹن پر سبقت حاصل ہے۔