مغوی امریکی شہری کی ویڈیو جاری

القاعدہ نے پاکستان کے شہر لاہور سے اغواء کیے جانے والے امریکی شہری وارن وائن سٹین کی ایک ویڈیو ریلیز کی ہے جس میں انہیں امریکی صدر براک اوباما سے شدت پسند گروپ کے مطالبات تسلیم کرنے کی درخواست کرتے دکھایا گیا ہے۔

ستّر سالہ وائن سٹین کو گزشتہ برس اگست میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ سے اغواء کیا گیا تھا اور بعدازاں القاعدہ نے ان کے اغواء کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

شدت پسندوں کے پیغامات پر نظر رکھنے والے گروپ سائٹ کے مطابق یہ ویڈیو اتوار کو القاعدہ کے میڈیا سیل الشہاب کی جانب سے جہادی فورمز پر ریلیز کی گئی ہے۔

اس ویڈیو میں انہیں شلوار قمیض میں ملبوس دکھایا گیا ہے اور وہ امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ’جنابِ صدر میری زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اگر آپ مطالبات تسلیم کرتے ہیں تو میں زندہ رہوں گا اور اگر ایسا نہیں کرتے تو میں مار دیا جاؤں گا‘۔