الظواہری پاکستان میں ہیں:امریکہ

امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ امریکہ کا ماننا ہے کہ القاعدہ کے موجودہ سربراہ ایمن الظواہری پاکستان میں ہی کہیں روپوش ہیں۔

انہوں نے یہ بات دو روزہ دورۂ بھارت کے دوران پیر کو کولکتہ میں ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم القاعدہ کو ناکارہ کرنا چاہتے ہیں اور ہمیں اس میں بڑی حدتک کامیابی بھی ملی ہے۔ کئی اہم ( القاعدہ) رہنما ابھی بھی فرار کی راہ پر ہیں۔ الظواہری، جنہیں اسامہ بن لادن سے قیادت وارثت میں ملی ہے، وہ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان میں ہی ہیں۔ تو ہم ان افراد کا تعاقب کرتے رہیں گے جو القاعدہ کو چلانے اور متحرک کرنے کی کوششوں میں لگے ہیں‘۔