پاکستان:’نقل مکانی، فنڈز کی کمی کا سامنا‘

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اوچا نے خبردار کیا ہے پاکستان کے قبائلی علاقوں کے بے گھر افراد کی امداد کے لیے فنڈز رواں ماہ کے آخر تک ختم ہو جائے گے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیاں خطرہ میں پڑ سکتی ہیں۔

اوچا کا کہنا ہے کہ امدادی تنظمیوں کو صوبہ خیبرپحتواخوا اور قبائلی علاقوں سے آنے والے بے گھر افراد کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے رواں برس اٹھارہ کروڈ ڈالر کی رقم درکار ہے۔

اوچا کے مطابق امدادی فنڈز رواں ماہ مئی کے آخر میں ختم ہو رہے ہیں اور اگر مزید فنڈز کی فراہمی ممکن نہیں ہوئی تو پناہ گزینوں کے کیمپ، خوراک، تعلیم اور طبی سہولیات جیسی ضروریات معطل کرنا پڑ سکتی ہیں۔

ادارے نے کہا ہے کہ امدادی تنطیموں کو اپنے گھر واپس لوٹنے والے خاندانوں کی زندگی کو معمول پر لانے کے لیے ان کی مدد کی غرض سے اضافی بائیس کروڑ ڈالر کی رقم کی بھی ضرورت ہے۔