پاکستان کےلیےامریکی امداد میں اٹھاون فیصد کمی

امریکی سینیٹ کی ایک کمیٹی نے سنہ دو ہزار تیرہ میں پاکستان کو دی جانے والی امداد کو اٹھاون فیصد سے کم کرنے کے حق میں ووٹ دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے غیرملکی امداد نے امداد میں کمی کے ساتھ ساتھ یہ اعلانیہ بھی جاری کیا ہے کہ اگر پاکستان نےنیٹو سپلائی لائن بحال نہ کی تو مالی امداد میں مزید کمی کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ کا یہ فیصلہ شکاگو میں منعقدہ نیٹو کانفرنس کے فوراً بعد سامنے آیا ہے۔ کانفرنس میں امریکہ پرامید تھا کہ پاکستان اور امریکہ کا نیٹو سپلائی لائن کی بحالی کے متعلق معاہدہ طے پا جائے گا لیکن سپلائی لائن ابھی بھی بند ہے۔