جنوبی وزیرستان: ڈرون حملے میں تین افراد ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکی جاسوس طیارے کے دوسرے حملے میں کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے کوئی چودہ کلو میٹر دور افغان سرحد کے قریب تحصیل بِرمل کے علاقے وچہ دانہ میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مکان کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق تین افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دو امریکی جاسوس طیاروں نے مکان پر چار میزائل داغے۔ یہ علاقہ طالبان کے ملا نزیر گروہ کا مرکز بتایا جاتا ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی وزیرستان کے اِس سرحدی علاقے میں امریکی ڈرون طیاروں نے دوسری مرتبہ حملہ کیا ہے۔