یواین انسانی حقوق کونسل کی سربراہ کا دورہء پاکستان

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی سربراہ ناوی پلے آج سے پاکستان کا دورہ کررہی ہیں۔ 2008 میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا جس کی دعوت انہیں حکومت پاکستان نے دی ہے۔

اقوام متحدہ کے ایک اعلامیے کے مطابق مسز پلے اپنے چار دن کے اس دورے میں پاکستان کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور دوسرے حکومتی وزراء سے ملاقات کریں گی۔

اسکے علاوہ وہ پاکستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری، پارلیمینٹ کے ارکان، وکلاء اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے لوگوں سے بھی ملیں گی۔ دورے کے اختتام پر وہ سات جون کو ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کریں گی جس میں امکان ہے کہ وہ پاکستان خاص طور پر بلوچستان اور ملک کے شمال مغربی اور قبائلی علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی اپنی رائے کا اظہار کریں۔