کراچی: تھانے پر بم حملہ، چار زخمی

کراچی کے علاقے عیدگاہ میں نامعلوم افراد نے رسالہ تھانے کی عمارت پر دستی بم سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت کم از کم چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے اہلکاروں میں رحمان، نوید اور برکت شامل ہیں جبکہ چوتھے زخمی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے تھانے پر دستی بم پھینکا فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس افسران کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے جس کے بعد ہی واردات کی اصل نوعیت یا وجوہات بتائی جاسکیں گی۔

لیکن پولیس کے بعض اعلیٰ حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر کہا کہ ابتدائی شک یہی ہے کہ حملہ لیاری کے علاقے میں جاری گینگ وار سے جڑا ہوا ہوسکتا ہے۔