ارسلان کیس: ’سکینڈل کا علم نہیں ہے‘

برطانوی صحافی کرسٹینا لیمب نے کہا ہے کہ انہیں پاکستان کے چیف جسٹس کے بیٹے کے سکینڈل کا علم نہیں اور ان سے اس بارے میں کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

پاکستان میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے کے بارے میں مبینہ طور پر بد عنوانی میں ملوث ہونے کی خبروں کے ساتھ ہی یہ بھی ذکر ہو رہا تھا کہ ایک برطانوی صحافی کو بھی اس معاملے کا علم تھا اور وہ بڑی خبر نشر کرنے والی ہیں۔

تاہم سنیچر نو جون کو برطانوی صحافی کرسٹینا لیمب کے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’مجھے کچھ معلوم نہیں کہ یہ کیسے شروع ہوا لیکن میں یہ واضح کر رہی ہوں کہ میں فیملی گیٹ پر کچھ بڑا سامنے نہیں لانے والی، کسے سے اس بارے میں بات نہیں ہوئی۔‘

اس کے بعد انہوں نے ایک اور پیغام جاری کیا ’چیف جسٹس کے معاملے میں مجھ سے منسوب باتیں من گھڑت ہیں، مجھے صرف وہ معلوم ہے جو ذرائع ابلاغ میں ہے اور میری کسی سے بات نہیں ہوئی۔‘