روس: ماسکو میں حکومت مخالف مظاہرہ

روس کے دارالحکومت ماسکو میں حکومت کے خلاف اور انتخابات کے دوبارہ انعقاد کے لیے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

روس کے صدر ولایمیر پوتن کے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا بڑا مظاہرہ ہے۔

ماسکو میں جمع مظاہرین روس میں نئے صدارتی انتخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس مظاہرے کے ایک منتظم کا کہنا ہے کہ احتجاج میں ایک لاکھ لوگ شریک ہیں۔

دریں اثناء روسی صدر نے ٹیلی ویژن پر ایک بیان میں کہا ہے کہ روس کو کمزور یا تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مظاہرے کے آغاز پر روس میں آزاد نیوز ویب سائٹس بند ہو گئی ہیں۔ ایک ٹیلی ویژن چینل کا کہنا ہے کہ یہ ویب سائٹس سائبر حملے کے نتیجے میں بند ہوئی ہیں۔