اعتزاز احسن پر بار ایسوسی ایشن کی پابندی

کراچی ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن نے اعتزاز احسن اور زاہد بخاری کے بار میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

کراچی بار کے جنرل سیکریٹری خالد ممتاز نے بی بی سی کو بتایا کہ اعتزاز احسن کے خلاف شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس لیے کراچی بار نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان کا بارمیں آنا مناسب نہیں۔

خالد ممتاز کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن حکومت کا غیر ضروری طور پر دفاع کر رہے ہیں اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ ماننے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن نے تحریک کے دوران بارہا کہا کہ حکومت کو خط لکھنا چاہیے مگر اب وہ اس سے مکر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وکیل کی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں اپنی جگہ تاہم قومی مفاد کے معاملوں پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے راولپنڈی بار بھی ایسوسی ایشن بھی اعتزاز احسن اور زاہد بخاری کے بار میں داخلے پر پابندی عائد کرچکی ہے۔