ٹھٹہ کے قریب کشتی ڈوبنے سے پانچ ہلاک

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع ٹھٹہ کے قریب بحیرہ عرب میں ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ ٹھٹہ سے دو سو کلومیٹر دور شاہ بندر کے قریب پیش آیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں پینتیس سے زائد افراد سوار تھے جو کیٹی بندر کے قریب واقع درگاہ الھڈنو مندھرو کے مزار پر جا رہے تھے اور ان میں سے ابھی تک پندرہ افراد لاپتہ ہیں۔

شاہ بندر اور کیٹی بندر کے درمیان کوئی سڑک نہیں ہے اور لوگ آمدرفت کے لیے کشتی استعمال کرتے ہیں۔