کراچی: علی موسیٰ گیلانی کی ضمانت منظور

سندھ ہائی کورٹ نے کیمیکل کوٹہ کیس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے اور ممبر قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید اظہر حسن رضوی نے دو ہفتوں کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی ہے۔

سماعت کے بعد علی موسیٰ گیلانی کی وکیل شازیہ ہنجرا نے صحافیوں کو بتایا کہ حفاظتی ضمانت کے لیے یہ درخواست دائر کی گئی تھی تاکہ ان کے موکل راولپنڈی میں زیر سماعت مقدمے میں پیش ہو کر اپنا دفاع کر سکیں۔

سماعت کے بعد علی موسیٰ گیلانی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’ انہیں عدالت سے انصاف کی امید ہے، ان کے والد نے بھی عدالت کا احترام کیا اور تین بار عدالت میں حاضر ہوئے لیکن انہیں نااہل قرار دیا گیا۔‘