سلالہ حملے پر امریکہ معذرت خواہ ہے:ہلیری

امریکہ نے گزشتہ برس سلالہ میں پاکستانی فوج کی چوکی پر افعانستان میں تعینات اتحادی افواج کے حملے میں چھبیس پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت پر معذرت کر لی ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ نے ہلاکتوں پر معذرت کی تصدیق کرتے ہوئے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان نیٹو کو زمینی راستے سے رسد کی فراہمی بحال کر رہا ہے۔

محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ’ہم پاکستانی فوج کے نقصان پر معذرت خواہ ہیں اور دوبارہ اس قسم کے واقعات سے بچاؤ کے لیے پاکستان اور افغانستان سے مل کر کام کر رہے ہیں‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان اور خطے کی سکیورٹی اور امن کی خاطر رسد پر کسی قسم کی راہداری فیس نہیں لے گا۔