ایم کیو ایم کے دو ارکان کی رکنیت معطل

سپریم کورٹ نے ارکان پارلیمنٹ کی دوہری شہریت رکھنے سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران حکمراں اتحاد میں شامل جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی فرحت محمود خان اور سندھ اسمبلی کی رکن نادیہ گبول کی رکنیت معطل کردی ہے۔

فرحت محمود خان کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے دو سو پینتالیس سے کامیاب ہوئے تھے جبکہ نادیہ گبول سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئی تھیں۔

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دوہری شہریت سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران کہا کہ فرحت محمود خان اور نادیہ گبول کو اس سے متعلق تین بار نوٹس جاری کیے گئے لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں یہ دونوں افراد دوہری شہریت رکھتے ہیں۔