شامی فوج کے جنرل فرار ہو کر ترکی پہنچ گئے

شام کی فوج کے اہم جنرل مناف طلاس ملک سے فرار ہو کر ترکی پہنچ گئے ہیں جہاں سے وہ فرانس پہنچنےکی کوشش کر رہے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل مناف طلاس کے خاندانی ذارئع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ مناف طلاس شام چھوڑ کر جا چکے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل مناف طلاس کا خاندان کے شام کے حکمران خاندان سے انتہائی قریب تصور کیا جاتا ہے اور ان کے والد شام کے وزیر دفاع رہ چکے ہیں اور آج کل فرانس میں مقیم ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بریگیڈیئر جنرل مناف ترکی کے راستے پیرس جا رہے ہیں۔

شام کی حکومت کی حامی ایک ویب سائٹ پر بھی بریگیڈیئر جنرل مناف کی فرار کی تصدیق کی گئی ہے لیکن اسے انتہائی ’غیر اہم‘ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔