گجرات: سکیورٹی فورسز پر حملہ، پانچ ہلاک

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے علاقے گجرات میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر ایک حملے میں چار فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق حملہ دریائے چناب کے کنارے سکیورٹی فورسز کے ایک ریسکیو کیمپ پر کیا گیا۔

پیر کی صبح پانچ بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فوجی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس سے چار فوجی اہلکار ہلاک ہوئے۔

فائرنگ کی آواز سننے پر علاقے میں گشت پر تعینات ایک پولیس موبائل موقع پر پہنچی۔ حملہ آوروں نے اس پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل ہلاک ہوگیا۔

حملہ آور فرار ہونے کے میں کامیاب ہو گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔