رچرڈ اولسن پاکستان میں امریکہ کے نئے سفیر

امریکی صدر باراک اوباما نے پاکستان اور اس کے ہمسایہ ملک افغانستان کے لیے اپنے نئے سفیروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میں رچرڈ اولسن کو نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے جو اس سے پہلے متحدہ عرب امارات میں امریکی سفیر رہ چکے ہیں جبکہ افغانستان میں جیمز کننگھم کو نیا امریکی سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

رچرڈ اولسن اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر کمیرون منٹر کی جگہ لیں گے۔

کیمرون منٹر نے اس سال مئی میں اٹھارہ ماہ سفیر رہنے کے بعد اس عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی میگزین فارن پالیسی کے مطابق رچرڈ اولسن سنہ دو ہزار گیارہ سے افغانستان میں امریکی سفارتخانے میں ترقیاتی اور معاشی امور کے ڈائریکٹر ہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں تعیناتی سے قبل وہ متحدہ عرب امارات کے سفیر تھے۔ اس کے علاوہ وہ میکسیکو، سعودی عرب، تیونس، عراق سمیت کئی ممالک میں فرائص سرانجام دے چکے ہیں۔