کراچی: رحمان ملک بلامقابلہ سینیٹر منتخب

پاکستان میں وزیراعظم کے مشیرِ داخلہ رحمان ملک پارلیمان کے ایوان بالا یا سینیٹ کے بلا مقابلہ رکن منتخب ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کراچی میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں سینیٹ کی رکنیت کا انتخاب دوبارہ لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم ان کے مقابلے میں کسی اور امیدوار نے اپنے کاغذات جمع نہیں کرائے۔

مشیر داخلہ رحمان ملک نے دوہری شہریت کے معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے رکنیت معطل کیے جانے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے دوہری شہریت کے حامل افراد کو پارلیمان کی رکنیت کے لیے ناہل قرار دیے جانے کی سماعت کے دوران جن کئی اراکین پارلیمان کی رکنیت معطل کردی تھی، اس وقت کے وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک بھی ان میں شامل تھے۔

بعد ازاں رحمان ملک نے سپریم کورٹ میں ایک سند جمع کروائی کہ وہ برطانوی شہریت سے دستبردار ہوتے ہیں اور اب صرف پاکستان کے شہری ہیں۔

سندھ کے الیکشن کمشنر سونا خان بلوچ کا کہنا تھا کہ رحمان ملک نے ادارے کو ایسے ثبوت و شواہد پر مبنی کاغذات جمع کروائے ہیں جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ اب برطانوی شہری نہیں رہے۔