’سوئس حکام کو خط لکھنے کا فیصلہ نہیں کیا‘

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کو تحریری جواب میں بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ نے ابھی سوئس حکام کو خط لکھنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اپنی کابینہ کے فیصلوں کے آئینی طور پر پابند ہیں اس لیے عدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل عرفان قادر نے این آر او عملدرآمد کیس میں سوئس حکام کو خط لکھنے سے متعلق سپریم کورٹ میں یہ جواب داخل کروایا ہے۔

عدالت عظمی نے بارہ جولائی کو اس مقدمے میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کو صدر آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کھولنے کے لیے سوئس حکام کو خط لکھنے کی پچیس جولائی تک مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ان کے خلاف مناسب کارروائی ہوگی۔